وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈیجیٹل پاکستان ہدف کےحصول کیلئےتیزی سےکام کررہی ہے،وفاقی وزیرسید امین الحق کاجائیٹکس افریقہ ڈیجیٹل سمٹ 2023 سےخطاب

154
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈیجیٹل پاکستان ہدف کے حصول کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے ، وفاقی وزیر سید امین الحق کا جائیٹکس افریقہ ڈیجیٹل سمٹ 2023 سے خطاب

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈیجیٹل پاکستان ہدف کے حصول کیلئے تیزی سے کام کررہی ہے۔وہ مراکش میں جاری جائیٹکس افریقہ ڈیجیٹل سمٹ 2023 سے خطاب کررہے تھے۔جائیٹکس افریقہ ڈیجیٹل سمٹ و آئی ٹی نمائش میں عالمی رہنما،معروف ٹیک کمپنیوں کے عہدیداران، اسٹارٹ اپس کے بانیوں سمیت ٹیک لیڈرز نے شرکت کی۔

سید امین الحق نے کہا کہ سائبر سکیورٹی، فری لانسرز پالیسیز اور پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل آئی سی ٹی صنعت کے فروغ میں کردار ادا کریں گے۔ پاکستان دنیا کے نقشے پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، آئی ٹی انڈسٹری، فری لانسرز، اسٹارٹ اپس کے فروغ کے اقدامات نے پاکستان کو ڈیجیٹل حب بنادیا ہے،

آئی ٹی سیکٹر میں عالمی سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ مراعات اور وسیع مواقع فراہم کئے ہیں،پاکستان میں نیشنل انکیوبیشن سینٹرز اسٹارٹ اپس کے فروغ ، کاروبارمیں سہولیات کی فراہمی میں کوشاں ہیں،اسٹارٹ اپس نئی اختراعات کے مراکز اور ہمیشہ کاروباری تبدیلیوں کی تلاش میں رہتے ہیں اور اس طرح کیریئر کے مواقع پیدا ہوتے اور زیادہ روزگار سے مضبوط معیشت کی بنیاد بنتی جاتی ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہاکہ پاکستان مختلف شعبوں خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی میں باصلاحیت و پیشہ ورافراد سے بھرا ہوا ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق کی مراکش میں مختلف حکومتی عہدیداران، ٹیکنالوجی کمپنیوں کے وفود سے ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں دو طرفہ امور اور آئی ٹی کے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی ۔عالمی وفود نے پاکستان میں آئی سی ٹی سیکٹر کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔