پاک چین دوستی، سفیر معین الحق نے چینی خارجہ امور کی تنظیم کے صدرکو ستارہ پاکستان کے ایوارڈ سے نواز

ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

بیجنگ۔2جون (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے صدر پاکستان کی جانب سے چین کی اہم خارجہ امور کی تنظیم چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز(سی پی اے ایف ایف سی)کے صدرلِن سانگ تیان کو پاکستان کے سول ایوارڈ ستارہ پاکستان سے نوازا ہے انہیں یہ ایوارڈ پاک چین دوستی بالخصوص عوامی سطح پرتبادلوں اور ثقافتی تعاون کے فروغ کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے

،اس سلسلے میں چین میں پاکستان کے سفارتخانے میں جمعہ کو خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سی پی اے ایف ایف سی کے سینئر عہدیداروں ،میڈیا کے نمائندوں اور چین میں پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے شرکت کی۔ تجربہ کار سفارت کارلِن سانگ تیان نے بطور نائب وزیر خارجہ اور لائبیریا، ملاوی اور جنوبی افریقہ میں چینی سفیر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔ چینی ویب سائٹ چائنا اکنامک نیٹ نے کہا کہ لِن سانگ تیان چین پاکستان دوستی عوامی سطح پر وفود کے تبادلے اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے پرزور حامی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر معین الحق نے چین پاکستان دوستی کو مضبوط بنانے اور دیایوتیائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں 21 مئی 2021 کو چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منانے کی تقریب کے سلسلہ میں صدرسی پی اے ایف ایف سی لِن سانگ تیان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسی سال لِن ِسانگ تیان کی رہنمائی میں پاکستانی سفارت خانے اور سی پی اے ایف ایف سی کی طرف سے مشترکہ طور پر مجموعی طور پر دونوں ممالک کے درمیان 21 نئے جڑواں شہروں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

پاکستانی سفیر نے قدرتی آفات اور ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ہونےوالے نقصانات بالخصوص کورونا وائرس کی وبا اور گزشتہ سال کے سیلاب کے دوران پاکستان کی مدد کے لیے چینی عوامی اور ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے کے لیے لِن سانگ تیان کے کردار اور کوششوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر صدرسی پی اے ایف ایف سی نے سول ایوارڈ پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پی اے ایف ایف سی پاکستان کے ساتھ چین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونون ممالک کے درمیان عوامی سطح پر اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔