اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ہزاروں جانوں کو بچانے والے آئل ٹینکر ڈرائیور فیصل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کی جتنی بھی پذیرائی کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاو نگ سے جمعرات کو جار ی بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے بلوچستان میں اپنی جان داؤ پر لگا کر لاتعداد زندگیاں بچانے والے آئل ٹینکر ڈرائیور فیصل کو ٹیلی فون کیا اور وزیرِاعظم کی طرف سے خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیصل کے اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو اسلام آباد مدعو کرکے انعام سے نوازا جائے