زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پوراور دیگر سینئر افسران بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔وفد نے وزیر اعظم کو ستمبر میں آزاد جموں کشمیر میں آنے والے زلزلے کے بعد تنظیم کی جانب سے آزاد جموں کشمیر کے شہریوں کے لئے ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وفد کے اراکین نے وزیر اعظم کو بتایاکہ ان کی تنظیم زلزلہ سے متاثرہ افراد بالخصوص ان خاندانوں جن کے گھر مکمل طورپر تباہ ہو گئے تھے کو تنظیمی وسائل کے ذریعے تعمیر نو کے حوالے سے سہولیات فراہم کررہی ہے۔ وفد نے وزیر اعظم کو مزید بتایا کہ ان کی تنظیم مستقبل میں تقریباً 100 مکانات ان کی اصل جگہ پر تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ وفاقی حکومت نے فوری ریلیف اور بحالی کے سلسلہ میں آزاد جموں کشمیر کے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی طرف سے متاثرین زلزلہ کی بحالی کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ وفد کے اراکین میں چوہدری اختر، عاصم شوکت، امتیاز بٹ اور محبت شکیل شامل تھے۔