لاہور ۔ 11 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے سرکاری ہسپتالوں کے معیار کو پرائیوٹ کے برابر لائیں گے‘ سرکاری ہسپتالوں میں سزا و جزا کا نظام لایا جائیگا جو ڈاکٹر اچھا کام کریگا انکی حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ کام چوروں کا احتساب ہوگا‘ جب تک سرکاری ہسپتال ٹھیک نہیں ہونگے غریبوںکو بہتر علاج نہیں مل سکتا‘ اس سلسلے میں ہم کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے۔ہفتہ کو لاہور میں شوکت خانم ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سرکاری ہسپتالوں کا معیار ہرائیوٹ ہسپتالوں کے برابر لائیں گے لیکن اس کا مقصد یہ ہرگز نہیں کہ ہم ہسپتالوں کی نجکاری کر رہے ہیں ہمارا مقصد اس میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال میں ہر مریض ڈاکٹر کیلئے وی آئی پی ہوتا ہے‘ عملہ سب کا یکساں علاج کرتا ہے اور کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا۔شوکت خانم ہسپتال پشاورکینسر کے علاج کا بڑا ہسپتال اور وہاں جدید ترین سہولتیں دستیاب ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں شوکت خانم لاہور سے بھی بڑا ہسپتال بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ زکواة کا سارا پیسہ غریبوں کے علاج پر خرچ کیا جاتا ہے اس لئے تمام لوگ زکواة شوکت خانم کو دیا کریں۔شوکت خانم میں 75سے 80فیصد علاج مفت کیا جاتا ہے۔انہوں نے ڈونرز کابھی شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ شوکت خانم کی تقریبات کے لئے ہمیشہ آوں گا۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہم نے نمل اور القادر یونیورسٹی بھی بنائی ہے۔ہم اپنے نوجوانوں کو سائنس وٹیکنالوجی کی جدید ترین تعلیم فراہم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ایک عظیم ملک بنے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال پیسے کے لئے کام نہیں کر رہا بلکہ اللہ کی رضا کے لئے کام کر رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال میں ان کا عملہ جس طرح غریب مریضوں اور بچوں کا جس طرح خیال رکھ رہا ہے یہ ایک کلچر بن گیا ہے یہاں پر کوئی بھی مریض وی آئی پی نہیں ہے،ہسپتال میں عریب اور امیر کا کوئی فرق نہیں ،سرکاری ہسپتالوں میں بھی اسی طرح کا کلچر لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ سرکاریہسپتالوں کو اس معیا رکے مطابق لائیں جہاں پر پرائیویٹ ہسپتالوں کا معیار ہیں،سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیک کرنے کے لئے جس طرح مینجمنٹ سسٹم چاہئے لائیں گے۔اس تبدیلی کے کچھ لوگ رکاوٹ بنے ہوئے ہیں لیکن ہم کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کی5سالہ حکومت کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں اس طرح علاج ہوگا جس طرح پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہے،شوکت خانم کا عملہ اور ڈاکٹرز امیر اور عریب کا فرق نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال ہمارے لئے رول ماڈل ہیں نوجوانوں کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہیئے۔وزیر اعظم نے شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں،نرسز اور تمام عملے کا شکریہ ادا کیا اور انہیںحراج تحسین پیش کیا۔