وزیر اعظم نوجوانوں کو خود اعتماد، منظم اور قابل افرادی قوت میں تبدیل کرنے کے لئے کھیلوں کو ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، شزا فاطمہ خواجہ

98

لاہور۔5جون (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نوجوانوں کو خود اعتماد، منظم اور قابل افرادی قوت میں تبدیل کرنے کے لئے کھیلوں کو ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، 15سے 25سال کے لڑکے اور لڑکیوں کو 12کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جارہاہے۔

پیر کو وزیراعظم یوتھ افیئرز کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو سپورٹس کے ذریعے مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے انعقاد کے حوالے سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں وزیراعظم کی معاون خصوصی شیزا فاطمہ کی زیرصدارت آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض، سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان، ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل، یونیورسٹیز کی ڈائریکٹر سپورٹس، ڈائریکٹر کالج زاہد میاں، ڈائریکٹر سکولز پرویز اختر،یوتھ کے نمائندگان ودیگر بھی شریک تھے، اجلاس میں سابق صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خان، سابق ایم پی اے حنا پرویز بٹ نے خصوصی شرکت کی،

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی شیزا فاطمہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نوجوانوں کو خود اعتماد، منظم اور قابل افرادی قوت میں تبدیل کرنے کیلئے کھیلوں کو ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو سماجی تبدیلی لانے کے قابل ہو سکتی ہے، اس حوالے سے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں 15سے 25سال کے لڑکے اور لڑکیوں کو 12کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جارہاہے، پنجاب فٹ بال، والی بال اور ہاکی لیگز منعقد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تیاری شروع کردی گئی ہیں، تمام صوبے ا س میں بھرپور شرکت کررہے ہیں۔

مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، ایسے ایونٹس سے نوجوانوں کو اپنا مستقبل نظر آتا ہے اور ان میں مقابلے کا رحجان پیدا ہوتا ہے، محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب سپورٹس کے فروغ اور نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو آگے لانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے، محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب سپورٹس نے گزشتہ چند ماہ میں بڑے ایونٹس منعقد کئے ہیں جس میں 90ملین کے انعامات دیئے گئے ہیں، 7سے 10جون تک پنک گیمز 2023ء منعقد کی جارہی ہیں جس میں خواتین کو سپورٹس میں آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، پنک گیمز میں خواتین کیلئے 5ملین کے انعامات رکھے گئے ہیں، مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے مزید کہا ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے انعقاد کیلئے مکمل تعاون کریں گے، میری ساری ٹیم ایونٹ کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔

سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب شاہد زمان نے کہا کہ ہر کھیل کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کا پول تیار کرنا ہے تاکہ ہر وقت نئے کھلاڑی دستیاب ہوں اور وہ میڈل حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے سمر کیمپ لگانے کا ٹاسک دیا جس کے تحت تین ماہ کے سپورٹس سمر کیمپ شروع کررہے ہیں، پنک گیمز کی تیاریاں مکمل ہیں ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ سے نوجوانوں کو بہترین پلیٹ فارم میسر آئے گا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بہت اہم ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے اہم اقدامات اٹھا رہاہے،پنک گیمز میں پنجاب کی 26یونیورسٹیز کی طالبات حصہ لے رہی ہیں جس سے خواتین کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ سے سپورٹس کو فروغ ملے گا اور نئے ٹیلنٹ کیلئے نئی راہیں کھلیں گی۔ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے انعقاد کے لئے ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔

شیڈول کے مطابق پنجاب فٹ بال لیگ (مردوخواتین)کے ٹرائلز 12جون سے 25جون تک ہوں گے، لاہور میں 12اور 13جون کو فٹ بال کے بوائز اور گرلز کے ٹرائلز یونیورسٹی آف وٹرنری سائنسز اور لاہور وومن کالج یونیورسٹی میں ہوں گے، مردوں کی والی بال کی پنجاب لیگ 16سے 21جون تک اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور جبکہ خواتین کی پنجاب والی بال لیگ 19سے 23جون تک گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں ہوں گی،

خواتین کی پنجاب ہاکی لیگ 10سے 15جون اور مردوں کی پنجاب ہاکی لیگ 18سے 23جون تک نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوں گی۔7جون کو تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ ڈسٹرکٹ یوتھ کوآرڈینیٹر کے ساتھ اہم اجلاس کریں گے جس میں ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کے انعقاد کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا جبکہ 9جون کو جائزہ اجلاس ہوگا جس میں انتظامات کا حتمی شکل دی جائے گی۔