اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب اور بارشوں کے متاثرین کی آبادکاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، این ڈی ایم اے اور این ایچ اے کا متاثرین کو امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے کردار قابل تحسین ہے، مزید بارشوں کے امکان کے تناظر میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت سیلاب زدگان کی بحالی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری، وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، ممبر صوبائی اسمبلی ثناء اللہ بلوچ، چئیرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی امداد اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے جاری صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں پر تفصیلی سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متاثرین کی آباد کاری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں تمام وسائل کو بطریق احسن بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے متاثرہ لوگوں کی امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بروقت بحالی کو یقینی بنانے کے لئے این ڈی ایم اے اور این ایچ اے کے کردار کو سراہا اور انہیں مزید بارشوں کے امکان کے تناظر میں اپنی صلاحیتوں کو زیادہ بہتر بنانے کی ہدایت کی۔