اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانا چاہتے ہیں، امید ہے شہباز شریف جیل سے رہائی کے بعد مثبت رویہ اختیار کریں گے، توقع ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پیر کو قومی اسمبلی میں اہم خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے ولی عہد دو روزے دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو حکومت اور اپوزیشن کا اہم اجلاس ہوگا جس میں ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے تبادلہ خیال کیا جائے گا کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ایوان میں مو¿ثر قانون سازی کی جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف قومی اسمبلی کو نئے اور مثبت انداز میں چلانا چاہتی ہے۔ اگر اپوزیشن نے مثبت رویہ اختیار کیا تو وزیر اعظم عمران خان بھی پیر کو ایوان میں خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کو پی اے سی کی چئیرمین کے عہدے سے ہٹانے پر کبھی سنجیدگی سے غور ہی نہیں ہوا۔ شہباز شریف کی ضمانت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں شہباز شریف اپوزیشن کا کردار بہتر انداز میں ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔