26 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیومہم کا افتتاح کردیا

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیومہم کا افتتاح کردیا

- Advertisement -

کراچی۔ 21 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کے روز 21سے 27اپریل تک صوبہ بھر میں پولیو کے خاتمے کی مہم کا افتتاح وزیر اعلی ہائوس میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا اور حکومت کے اس موقف کو دہرایا کہ وہ معذور کر دینے والی بیماری کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ مہم کا مقصد سندھ بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے ایک کروڑ چھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانا ہے جن میں صرف کراچی میں 27لاکھ 60ہزار بچے شامل ہیں، یہ مہم 69,724تربیت یافتہ فرنٹ لائن ورکرز کی ایک بڑی ٹیم کے ذریعے چلائی جائے گی جو گھروں، سکولوں، شاپنگ مالز اور مسافر خانوں (ٹرانزٹ پوائنٹس)پر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گے تاکہ کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔

وزیر اعلی سندھ نے شدید گرمی کی لہر کے باوجود فرنٹ لائن ورکرز کی لگن اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ ان کی انتھک محنت کے اعتراف میں حکومت کی جانب سے پانی، او آر ایس کے پیکٹس اور دیگر ضروری اشیا ء فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ شدید گرمی میں خود کو تروتازہ اور صحت مند رکھ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ویکسینیشن ٹیموں کی سکیورٹی اور مہم کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے سندھ بھر میں 25,360 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔انہوں نے والدین اور بچوں کے سرپرستوں سے پرزوراپیل کرتے ہوئے کہاکہ پولیو ویکسینیشن ٹیموں کا خیر مقدم کریں کیونکہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو قطرے پلانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے، صرف ویکسینیشن ہی ہمارے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتی ہے۔ویکسین سے متعلق پائے جانے والے خدشات پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلی نے عوام کو یقین دلایا کہ یہ وہی پولیو ویکسین ہے جس کی مدد سے دنیا کے بیشتر حصوں سے وائرس کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ یہ وہی ویکسین ہے جو حج اور عمرہ پر جانے والے زائرین کو دی جاتی ہے اور یہی ویکسین پرائیویٹ کلینکس اور ہسپتالوں میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر (چائلڈ سپیشلسٹ)معمول کے مطابق تجویز کرتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر کوئی بچہ حال ہی میں ویکسین لے چکا ہو تب بھی اس مہم کے دوران دوبارہ قطرے پلانا بالکل محفوظ اور ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ کولڈ چین (ویکسین کو ٹھنڈا رکھنے کا نظام)کو سختی سے برقرار رکھا جائے تاکہ ویکسین موثر اور طاقتور حالت میں ہر بچے تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک مشترکہ عزم کا تقاضا کرتا ہے، قیادت سے لے کر فرنٹ لائن کارکنوں تک، کمیونٹیز سے لے کر ہر گھرانے تک، سندھ اس مشن میں متحد کھڑا ہے۔ آئیں ہم سب مل کر ہر بچے کی حفاظت اور آنے والی نسلوں کیلئے صحت مند اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر پولیو کا خاتمہ کر سکتے ہیں اور ہمیں یہ مہم اس وقت تک جاری رکھنی ہے جب تک کہ یہ مقصد حاصل نہ ہو جائے۔اس موقع پروزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس اب بھی موجود ہے، ویکسینیشن ہی ہماری واحد حفاظت ہے، ہمیں اس مہم کو مزید پختہ عزم کے ساتھ جاری رکھنا ہو گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں،اگر کسی گھر میں پانچ سال سے کم عمر کا بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ گیا ہو، تو اہلِ خانہ 1166پر کال کریں یا 0346-7776546پر واٹس ایپ کریں۔تقریب میں وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، انسپکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی)سندھ کے صوبائی کوآرڈینیٹر ارشاد علی سوڈھڑ، روٹری کے عزیز میمن، اعلی سرکاری افسران

اور بین الاقوامی شراکت دار تنظیموںعالمی ادار صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسیف، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن (بی ایم جی ایف)کے نمائندگان نے شرکت کی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585258

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں