لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر لاہور یوتھ فیسٹیول کی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔ اس سلسلے میں لاہور یوتھ فیسٹیول کے لوگو اور فلوٹ کی رونمائی کا اہتمام بیکن ہائوس یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، سپیرئیر یونیورسٹی اور کامسیٹس میں کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات کی دلچسپی نمایاں تھی۔
نوجوانوں کی طرف سے یوتھ فیسٹیول کے مقابلوں میں حصہ لینے کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ تعلیم کے اعلی افسران نے طلبا کو یوتھ فیسٹیول کے فوائد، اغراض و مقاصد اور اس میں شرکت کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
طلبا نے لاہور یوتھ فیسٹیول کے مقابلوں میں حصہ لینے کے حوالے سے گہری دلچسپی کے اظہار کے ساتھ ساتھ وزیر اعلی کے نئی نسل کو ترقی اور بہبود کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے ویژن کی تعریف کی اور نوجوانوں کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیر اعلی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر طلبا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب نے نوجوانوں کو صلاحیتیں آزمانے کے مواقع دینے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ تعلیمی اداروں کے سربراہان نے بھی اس امر کا اظہار کیا ہے کہ لاہور یوتھ فیسٹیول نہ صرف تفریح بلکہ صحتمند مقابلوں کے رجحان کو بھی پروان چڑھائے گا۔