وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج منگل سے ایران کا پہلا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے

504
بلاول بھٹو زرداری کی باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر امیر عبداللہیان کی دعوت پر آج منگل سے ایران کا پہلا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورے کے دوران اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ ایران کے صدر سے ملاقات کے علاوہ ملک کی دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیر خارجہ بدھ 15 جون کو مشہد کا دورہ کریں گے۔ پاکستان اور ایران وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے جن میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات، ایران سے بجلی کی فراہمی، سرحدی غذائی منڈیوں، سڑک اور ریل رابطے اور زائرین کی سہولت شامل ہیں۔

دونوں ممالک بات چیت میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیں گے جس میں خاص طور پر افغانستان سمیت جنوبی ایشیا کی مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ اسلامو فوبیا سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ ایران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کا حصہ ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان آخری ملاقات 26 مئی کو ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔ پاکستان اور ایران مشترکہ جغرافیہ، ثقافتی وابستگیوں اور تاریخی روابط کی بنیاد پر قریبی عوامی تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں۔ یہ برادرانہ تعلقات متواتر اعلیٰ سطحی تبادلوں کے ذریعے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک 2022 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔