شدیدمالیاتی چیلنجز کے باوجود حکومت معیشت کو مستحکم کرنے پر توجہ دےرہی ہے، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ شدید مالیاتی چیلنجوں کے باوجود حکومت معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مؤثر ڈھانچہ جاتی اور اصلاحاتی اقدامات پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیرخزانہ نے یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل ایوجین زوکوف کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پرپاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی، سیکرٹری خزانہ اوروزارت اقتصادی امورکے سینئیرافسران بھی موجودتھے۔ وزیر خزانہ نے ایوجین زوکوف اور بینک کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھنے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو کلی معیشت کی صورتحال اور موجودہ حکومت کی جانب سے عدم توازن کو دور کرنے کیلئے مختلف بجٹ اور غیر بجٹ اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کہ شدید مالی اور مالیاتی چیلنجوں سے قطع نظر موجودہ حکومت معیشت کو شمولیت اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مؤثر ڈھانچہ جاتی اور اصلاحاتی اقدامات پر توجہ دے رہی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل نے وفاقی وزیر کو کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی برائے پاکستان 2021-25 کے بارے میں آگاہ کیا جو حکومت کے ترقیاتی وژن سے ہم آہنگ ہے۔

اس موقع پر توانائی کے شعبے کے لیے پالیسی پر مبنی پروگرام، مالیاتی شعبے میں خواتین کی شمولیت اور ترقی، سرکاری اورنجی شعبہ کے اشتراک کارمیں اصلاحات اور سرکاری کاروباری اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیاگیا ۔

اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے معیشت پربیرونی جھٹکوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کے لیے مجوزہ کاؤنٹر سائکلیک سپورٹ فیسیلٹی (CSF) پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پاکستان میں سماجی تحفظ، توانائی اور شہری بنیادی ڈھانچہ کے شعبے میں مختلف معاہدے اورمنصوبے پہلے ہی جاری ہیں۔

وزیر خزانہ نے وفد کا ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور انہیں جاری پروگراموں پر مکمل تعاون اور تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔