اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود سے سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر امیر خرم راٹھور نے جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں بطور سفیر نامزدگی پر امیر خرم راٹھور کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔دونوں ممالک نے ہر آڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے،آپ جیسے منجھے ہوئے سفارت کار کی بطور سفیر تقرری سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے سفراء کو اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے جو اپنی محنت کی کمائی پاکستان بھجوا کر ملک کے معاشی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر امیر خرم راٹھور نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔