وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ہنگری کے اپنے ہم منصب پیٹر سیجارتو سے ٹیلیفون پر رابطہ، دو طرفہ تعلقات ،یوکرین سے پاکستانی شہریوں کا انخلا سمیت علاقائی و عالمی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

64

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہنگری کے اپنے ہم منصب پیٹر سیجارتو سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے دو طرفہ تعلقات ،یوکرین سے پاکستانی شہریوں کا انخلا سمیت علاقائی و عالمی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے اپریل 2021 میں ہنگری کے اپنے ہم منصب کے پاکستان کے نتیجہ خیز دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ نے یوکرین کی صورتحال پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا اصولی موقف متعلقہ کثیرالجہتی معاہدوں، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق حل کی اہمیت پر مبنی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرین سے پاکستانی طلباء اور کمیونٹی کے انخلاء میں ہنگری کی حکومت کی طرف سے مدد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم یوکرین میں موجود پاکستانی طلباء اور کمیونٹی کے ارکان کی ہموار بارڈر کراسنگ میں جاری اور فوری سہولت کے منتظر ہیں۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے انخلاء کے عمل میں اپنے ملک کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔دونوں وزراء نے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔