اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ امن و استحکام سے علاقائی تجارت کا فروغ اور اقتصادی ترقی ممکن ہے، سی پیک سے تمام ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں، بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں رکاوٹ ہے، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کا رنگ دے رہا ہے، بھارت بلوچستان، فاٹا اور گلگت بلتستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، امریکہ کی پاکستان اور افغانستان سے متعلق پالیسی کو کئی ممالک نے قبول نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور ہانس سیڈل فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام جنوبی ایشیاءکی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور چین پاکستان اقتصادی راہداری میں پیشرفت کے موضوع پر 2 روزہ قومی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جنوبی ایشیاءکے بارے میں حالیہ اعلان کردہ پالیسی میں بھارت کے خطہ اور افغانستان میں وسیع کردار پر زور دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کیلئے قربانیوں، دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں اور واضح تعاون کا اعتراف نہیں کیا گیا، امریکی سوچ میں سٹرٹیجک تضادات ہیں جبکہ کئی علاقائی اور عالمی ممالک نے امریکہ کی اس پالیسی کو قبول نہیں کیا۔