
اسلام آباد ۔ 06 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیشہ وارانہ صحافتی امور کی انجام دہی میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں، صحافت اور سیاست ایک دوسرے کے لئے لاز م و ملزوم ہیں، حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، ان کے تحفظ اور ان کو ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے اپنا کردار اور بھی زیادہ بہتر انداز میں ادا کرے گی، وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت صحافیوں کے تحفظ اور انکی فلاح و بہبود کے لئے جرنلسٹس ویلفیئر اور پروٹیکشن کا قانون وضع کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یوم شہدائے صحافت پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) مبارک باد کی مستحق ہے کہ اس نے ملک میں یوم شہدائے صحافت منانے کے لئے نہایت مستحسن قدم اٹھایا، یہ محض ایک دن نہیں بلکہ ہمارے اس عزم کی تجدید کا مو قع ہے کہ ہم نے اپنے ان بہادروں، فرض شناسوں اور سچ کی لگن میں جان سے گزر جانے والوں کو بھلایا نہیں، ہم ان کوسلام اور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔