اسلام آباد ۔ 8 مارچ (اے پی پی)وزیر مملکت اطلاعات،نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے موثرپالسیاں اور قوانین بنائے ہیں ،معاشرہ خواتین کو اعتماد اور مواقع فراہم کرے توخواتین معاشر ے کی ترقی میں مزید بہتر کردار ادا کرسکتی ہیں ،عالمی برادری نے پاکستان میں خواتین حقوق کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا ہے،قیام پاکستان سے فاطمہ جناح اور کلثوم نواز تک خواتین نے جمہوریت کے لئے جنگ لڑی،بے نظیر بھٹو نے خطے میں سیاست کا مطلب ہی بدل دیا انکی جمہوریت کے لئے بہت قربانیاں ہیں ،پاکستان میں خواتین کو ووٹ دینے کا حق دیا گیا بہت سے ترقی یافتہ ممالک نے پاکستان کے بعد اپنے ممالک میں خواتین کو یہ حق دیا ہے ،فرسودہ رویات سے خواتین کی آزادی کا گلہ گھونٹنا بھی جرم ہے، خواتین پر سیا ست اور منفی تبصرے نہیں ہونے چاہئیں ۔وہ جمعرات کو اسلام آباد چمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطا ب کر رہی تھیں ۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ وزیراعظم ہاﺅس ،ایوان صدر سمیت ملک بھر میں خواتین کو بااختیار بنانے کا دن جوش و خروش سے منایا جارہا ہے اس دن کو جوش و خروش سے منانے کا مقصد خواتین کے حقوق کی زمہ داریوں سے متعلق معاشرے میں آگاہی فراہم کرنی ہے،پارلیمان ،حکومت ،سول سوسائٹی کی بھی مشترکہ زمہ داری ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرے ۔