وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کرک میں نشپہ تیل و گیس اور ایل پی جی ریکوری پلانٹ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

کرک ۔ 8 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، جولائی میں پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ماضی کی کرپشن چاہتے ہیں یا ترقی کا سفر جاری رکھنا چاہتے ہیں، وہ گالی و دشنام طرازی کی سیاست چاہتے ہیں یا شائستگی کو ووٹ دینا چاہتے …

کرک ۔ 8 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے، جولائی میں پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ماضی کی کرپشن چاہتے ہیں یا ترقی کا سفر جاری رکھنا چاہتے ہیں، وہ گالی و دشنام طرازی کی سیاست چاہتے ہیں یا شائستگی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں، عوام کے ووٹ کی ہی حیثیت ہے، ان کی رائے سب سے اہم ہے، پورا یقین ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خوشحالی و ترقی کے منصوبوں کی بدولت عوام کی تائید سے 2018ءکے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ کرک میں نشپہ تیل و گیس اور ایل پی جی ریکوری پلانٹ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کرک میں خواتین یونیورسٹی کے کیمپس، بجلی کے منصوبوں، این ایچ اے کے ذریعے دو شاہرات کی تعمیر سمیت متعدد منصوبوں کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے ضلع کرک کیلئے ہیلتھ کارڈز سکیم کے اجراءکا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے او جی ڈی سی ایل انتظامیہ کو کرک میں ماڈل سکول کے قیام کی ہدایت بھی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2013ءمیں اقتدار سنبھالنے کے وقت ہمیں توانائی کے بحران سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا تھا، ملک میں 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، آج ہم نہ صرف الحمد اﷲ بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہیں بلکہ فاضل بجلی بھی پیدا کر سکتے ہیں تاہم جن علاقوں میں چوری ہوتی ہے وہاں مجبوراً لوڈ شیڈنگ کرنا پڑتی ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہماری پیداواری صلاحیت طلب سے زیادہ ہے۔