وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سکھ ٹورزم کوفروغ دینے کیلئے مختلف تجاویز پر کام کررہے ہیں،وفاقی وزیر داخلہ

83

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سکھ ٹورزم کوفروغ دینے کیلئے مختلف تجاویز پر کام کررہے ہیں،پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو لمبے عرصے کا ملٹی پل انٹری ویزا جاری کرینگے، سکھ مذہب کے بانی باباگرونانک بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کے داعی تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھزآف امریکہ (Sikhs of America)کے وفد سے بدھ کو ہونے والی ملاقات کے دوران کیا، وفد نے وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔

گیارہ رکنی وفد میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں، ممتاز پاکستانی نژاد سیاستدان ساجد تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی اور سکھ برادری سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر دربار باباگرونانک اورکرتارپور راہداری کی توسیع، یاتریوں کیلئے مزید سہولیات کی فراہمی اورپاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کے ویزوں میں مزید سہولیات کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سکھ ٹورزم کوفروغ دینے کیلئے مختلف تجاویز پر کام کررہے ہیں، پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو لمبے عرصے کا ملٹی پل انٹری ویزا جاری کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ سکھ یاتری اپنے مقدس مقامات کی یاترا کیلئے بار بار پاکستان آئیں۔

سکھز آف امریکہ کے وفد میں شامل جسدیپ سنگھ نے کہا کہ ای ویزا سہولت پر حکومت پاکستان کے بہت ممنون ہیں، کرتار پور راہداری پاکستان کا سکھ برادری کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ راہداری کی بنیاد میاں نواز شریف نے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان سرکار کی سخت گیر پالیسیوں سے کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کو باباگرونانک کی دھرتی ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے، سکھ مذہب کے بانی باباگرونانک بین المذاہب ہم آہنگی اور برداشت کے داعی تھے۔ انہوں نے کہا کہ بابا گرونانک کےاشلوک میں برصغیر کےمسلمان بزرگان دین کا کلام بھی شامل ہے۔ ہندوستان میں مذہبی انتہاپسندی اوراقلیتوں کے خلاف ظلم پر گہری تشویش ہے، پاکستان میں سکھ برادری قومی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے، ہمارے دس لاکھ پاکستانی امریکہ میں موجود ہیں۔ وہ سیاسی طور پر بہت فعال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو وہ پاکستان کے لئے ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں۔ممتاز پاکستانی نژاد سیاستدان ساجد تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔ انکے من گھڑت بیانئے سے پاک امریکہ تعلقات کو نقصان ہوسکتا ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں مضبوطی سے پاکستانی کمیونٹی کا زیادہ فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر مستحکم پاکستان اپنے شہریوں کی خوشحالی کیلئے وسائل پیدا کرسکتا ہے۔ سکھز آف امریکہ کے وفد نے وزیر داخلہ کو امریکہ آنے کی دعوت بھی دی۔