وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کا مفاد ایک ہے، سی پیک منصوبوں اور ڈیموں کی تعمیر سے پاکستان کی قسمت بدل جائے گی ، سینیٹر فیصل واوڈا

69

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کا مفاد ایک ہے، وہ ہمیشہ ملک کے مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتے ہیں، سی پیک منصوبوں اور ڈیموں کی تعیمر سے پاکستان کی قسمت بدل جائے گی اسلئے بھارت کو تکلیف ہو رہی ہے، ماضی کے حکمرانوں اور ملک کا مفاد ایک نہیں تھا، وہ ہمیشہ ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے تھے، وزیراعظم عمران خان ملک کے ساتھ وفادار اور مخلص ہیں اسلئے انہوں نے افغان مسئلے پر دوٹوک اور اصولی موقف لیا ہے کہ پاکستان اب کسی کے ہاتھوں کھلونا نہیں بنے گا۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں پانی کے ایک جیسے مسائل ہیں تاہم اب 26 بلین ڈالرز کے پروجیکٹس پر کام شروع ہو گیا ہے جس کا کریڈٹ واپڈا اور متعلقہ وزارت کو جاتا ہے، گزشتہ 65 سالوں کے دوران جو ڈیم بنائے گئے وہ ابھی تک فعال ہی نہیں ہوئے اور ان کی مینٹی نینس پر اربوں روپے ضائع کئے گئے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ ماضی میں اپنے لوگوں کو سیاسی طور پر نوازنے کیلئے کنٹریکٹس دیئے گئے اور ان منصوبوں سے کک بیکس لئے گئے اور سپریم کورٹ میں بے تہاشا کیسز پڑے ہوئے ہیں تاہم پہلی مرتبہ ڈیموں کے منصوبوں پر زبانی نہیں بلکہ عملی طور پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات پر یقین رکھتے ہیں اور وہ ہمیشہ ملک کے مفاد کو ترجیح دیتے ہیں،

موجودہ حکومت کسی صورت میں کوئی ایسا کام نہیں کرے گا جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی قومی اداروں میں مداخلت ہوتی تھی اور وہ انہیں ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرتے تھے تاہم تحریک انصاف کے دور حکومت میں تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں، بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کا عمل جاری رہے گا اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں اقتدار کی جنگ جاری رہے اور شہباز شریف فرنٹ سے لیڈ کر رہے ہیں، مریم نواز نے خود کو لیڈر کی حیثیت سے پیش کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی لیکن وہ بری طرح ناکام ہوئیں کیوں کہ لیڈر کی اولاد ہونے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا، شہباز شریف نے انہیں سائیڈ پر کر دیا ہے اسلئے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔