بیجنگ ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے چین کے گژوبا گروپ کے چیئرمین لیوزی ژیانگ نے ملاقات کی ہے۔منگل کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر بیجنگ میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے مخدوم خسرو بختیار’ وفاقی وزیر ریلویزشیخ رشید احمد’ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود’ وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین زبیر حیدر گیلانی بھی موجود تھے۔چائنا گژوبا گروپ کارپوریشن (سی جی جی سی) کا قیام 1970ء میں عمل میں آیا تھا جو چینی حکومت کی ملکیت چائنا انرجی انجینئرنگ گروپ کمپنی لمیٹڈ کا ایک اہم ادارہ ہے۔چین میں سی جی جی سی کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والی معروف لسٹڈ کمپنیوں میں ہوتا ہے جس کی مالی حیثیت انتہائی مستحکم ہے۔سی جی جی سی نے اپنے کاروبار کو100 سے زیادہ ممالک اور ریجنزتک وسعت دی ہے۔ ملاقات کے دوران سی جی جی سی کے چیئرمین نے پاکستان میں مختلف شعبوںبالخصوص توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔