وزیراعظم عمران خان سے ڈاکٹر سلطان احمد الجابر کی ملاقات

90
APP94-26 ISLAMABAD: October 26 - Prime Minister Imran Khan receives Minister of State and CEO of Abu Dhabi National Oil Company Dr. Sultan Ahmed Al Jaber at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت اور ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سلطان احمد الجابر کی زیر قیادت ایک بڑے وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی اور انہیں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کا متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان طویل مدتی جامع اقتصادی شراکت داری کیلئے پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفد کا خیرمقدم کیا جسے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کی خصوصی ہدایت پر پاکستان بھیجا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد سے 19 ستمبر کو ابوظہبی میں ملاقات ہوئی تھی اور انہوں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفد میں شامل اہم ارکان سے پاکستان کے ساتھ تاریخی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالہ سے متحدہ عرب امارات کی سنجیدگی کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی، پٹرولیم، ادویہ سازی، سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے، زرعی تحقیق اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔