اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر بن محمد کو ٹیلیفون کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت کے حوالے سے اعلان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے اس غیر قانونی اقدام سے خطے کا امن اور سلامتی متاثر ہوگی اور تذویراتی صلاحیتوں کے حامل دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات مزید خراب ہوں گے۔ وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ ملائیشیا بھارتی مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور رابطے میں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے بھی منتظر ہیں۔