وزیراعظم عمران خان کا یوم قائد کے موقع پر پیغام

106
‏کربلامیں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے پیروکاروں نےحق وباطل کےمابین فرق اہلِ عالم پر واضح کرنےکیلئے تعداد میں خود سےکہیں بڑےدشمن سےٹکراتےہوئےجانوں کےنذرانےپیش کئے

اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اتحاد، ایمان اور تنظیم کو اپنا کر نئے پاکستان کی منزل کو حاصل کر سکتے ہیں، آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے شکار مظلوم عوام کو نہیں بھولنا چاہئے، قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور ہم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم قائد کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش جوش و جذبہ کے ساتھ منا رہی ہے، قائداعظم محمد علی جناح عہد ساز شخصیت، مثالی کردار، بے غرض اور مسلمانوں کے آزاد وطن کے مقصد کیلئے پرعزم تھے، مشکل وقت اور حالات کے دوران انہوں نے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کو اپنے کرشمہ سے متاثر کیا، قائداعظم محمد علی جناح 20ویں صدی کے ان عظیم اور دانشمند رہنمائوں میں شامل ہیں جن سے دنیا بھر کے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے، قائداعظم کی جانب سے فیصلہ کن جدوجہد آزادی کی سربراہی ان کی سیاسی بصارت اور غیر معمولی ذہانت کی مظہر ہے اسی طرح وہ اپنی آخری سانس تک مثالی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پرعزم رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا کے سامنے بھارتی آئین کے نام نہاد سیکولر چہرے کا نقاب اتر چکا ہے، شہریت ترمیمی بل 2019ء کی منظوری اور اس کے بعد اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف امتیازی اور ظالمانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس سے بھی قائداعظم محمد علی جناح کا یہ فرمان سچ ثابت ہوتا ہے کہ بھارت کے انتہاء پسند ہندو کبھی بھی مسلمان اقلیت کو عزت و احترام سے رہنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں فاشسٹ آر ایس ایس کے نظریات کی پیروکار بی جے پی کی حکومت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے شکار مظلوم عوام کو نہیں بھولنا چاہئے، قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور آج کے دن ہم پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ متحد اور چٹان کی طرح کھڑے ہونے کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں اپنی آزادانہ، سماجی، ثقافتی اور مذہبی شناخت کو برقرار رکھنے کے قابل بنایا، ہمیں اپنے بابائے قوم کے نظریات کو مکمل طور پر حقیقی شکل دینے اور ان کے مقاصدکے حصول کیلئے مزید کام کرنا ہے جس کیلئے ہمارے آبائو اجداد نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بابائے قوم کی طرف سے دیئے گئے رہنما اصولوں پر عمل کرکے ان اہداف کو حاصل کر سکتے ہیں، قائداعظم کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے اصولوں اتحاد، ایمان اور تنظیم کو اپنائیں جو کہ ہمارے لئے نیا پاکستان بنانے کیلئے مینارہ نور ہیں جو کہ حقیقت میں قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان ہے۔