اسلام آباد ۔ 02 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے متعلقہ صوبوں میں اشیائے خوردونوش کی عوام الناس کو ممکنہ کم سے کم قیمتوں میں دستیابی کو یقینی بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران صوبائی حکومتوں کو ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے ذریعے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائیکی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگوکی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت کے ایکسل لوڈ کی عملداری کے فیصلے کی موخری کو بھرپور سراہا گیا ہے اور بناسپتی گھی مل مالکان نے اس فیصلے کی روشنی میں بناسپتی گھی کی قیمتوں میں آئندہ کچھ دنوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختوانخواہ میں آٹے کے موجود سٹاک کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آٹے کی قیمتوں اور اسکی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے اس پر نظر رکھی جائے۔