وزیراعظم عمران خان کی لاہور کے ایک روزہ دورے کے دوران پنجاب کے اراکین اسمبلی اور پارلیمانی پارٹی کے اراکین سے ملاقات میں گفتگو

100
APP135-30 LAHORE: October 30 - Prime Minister Imran Khan and CM with Chief Minister Punjab Sardar Usman Buzdar in a meeting with members of Provincial Cabinet Punjab and members of Provincial Assembly Punjab at CM office. APP

اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ مالی خسارہ تھا جو ہمیں ورثہ میں ملا، ہم نے پوری کوشش کی کہ آئی ایم ایف کے پاس سب سے آخر میں جائیں تاکہ معیشت پر کم سے کم بوجھ پڑے، چین کے دورہ کے دوران ٹیکنالوجی کے حصول پر زور دیا جائے گا جو ملکی خود کفالت کو یقینی بنائے گی اور مستقبل میں کسی دوست ملک کی مالی معاونت کی ضرورت نہیں پڑے گی، ہماری سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں، اگر ہم اپنے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں تو پاکستان بہت جلد ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے، وفاقی اور صوبائی وزراءکی کارکر دگی کا جائزہ لیا جائے گا، حکومت میں بھی سزا اور جزا کا نظام ہوگا، جو وزیر کام نہیں کرے گا اس کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو لاہور کے ایک روزہ دورے کے دوران پنجاب کے اراکین اسمبلی اور پارلیمانی پارٹی کے اراکین سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر سو روزہ پلان پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ مالی خسارہ تھا جو ہمیں ورثہ میں ملا، ہم نے پوری کوشش کی کہ آئی ایم ایف کے پاس سب سے آخر میں جائیں تاکہ معیشت پر کم سے کم بوجھ پڑے، اس سے پہلے ہم نے دوست ممالک سے رجوع کیا اور سعودی عرب نے بغیر کسی شرط کے مالی معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو پتہ ہے کہ پاکستان خطہ کا سب سے اہم ملک ہے اور اس وقت صرف طرز حکومت کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔