اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 12 سے 13 جنوری تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات یہ کا تیسرا دورہ ہوگا۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔
دورے کے دوران وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف دورے کے دوران وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔ بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ متحدہ عرب امارات تقریباً 17 لاکھ پاکستانیوں کا مسکن ہے جو گزشتہ پانچ دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی کامیابی کے ساتھ ساتھ دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات مشترکہ عقیدے اور روایات، مشترکہ تاریخ اور ورثے پر مبنی قریبی اور برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے رہنمائوں کے باقاعدگی سے اعلیٰ سطح کے تبادلے اور دورے باہمی تعلقات کی اہم خصوصیت ہیں۔