اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے اپنے حالیہ دورہ قطر کو دہراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دورے کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے ۔
امیر قطر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانی اور مالی نقصان پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ امیر قطر نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے قطر کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے امیر قطر کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا جس میں قطر کی جانب سے سامان اور آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سندھ میں فیلڈ اسپتال کے قیام پر بھی شکریہ ادا کیا۔ پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ مذہبی ،باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔