وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالہ سے خصوصی جائزہ اجلاس

281

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کےتنازعہ کے منصفانہ حل تک پاکستانی قوم چین سے نہیں بیٹھے گی، پاکستان اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جمعرات کو یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے ایک خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کی حکومتوں کے نمائندوں نے یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالہ سے وزیراعظم کو بریفنگز دیں۔ اجلاس کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 75 سالوں سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے ، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی کے اقدام کے بعد کشمیریوں کو دیوار سے لگا دیا گیا اور حالیہ دنوں میں بھارت کے کشمیریوں پر مظالم میں مزید تیزی آئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی آواز پوری دنیا میں پہنچائی جائے گی،جموں و کشمیر کے تصفیہ کے منصفانہ حل تک پاکستانی قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیراعظم نے اس سال یوم یکجہتی کشمیر کو مؤثر انداز میں1 منانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی سے کام کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزارتوں صوبائی حکومتوں،گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کی حکومتوں کے نمائندگان نے یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگز دیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے ملک بھر میں ریلیوں ، واک ، تصویری نمائشوں ، تقریری مقابلوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلویز و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام امین الحق ، مشیر وزیراعظم براے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، معاون خصوصی وزیراعظم طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔