وزیراعظم محمد نواز شریف کا اہم ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب

165

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج کا پاکستان 2013ءکے پاکستان سے کہیں زیادہ پر امن ،خوشحال اور مستحکم ہے،پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے سائے سے نکال کر استحکام اور روشن خیالی کی فضاء میں لانا ہے،مقبوضہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ نہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اہلِ کشمیر کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، باہمی تنازعات کا پر امن اور مذاکراتی حل وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم کسی تصادم کے متحمل نہیں ہوسکتے، پاک چین دوستی ایک کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو اہم ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے گزشتہ دو دنوں کے دوران سفیروں کی کانفرنس میں مرتب کی گئی سفارشات کی روشنی میں اپنے وژن کو واضح کرتے ہوئے پاکستانی سفیروں کو مخاطب کرتے ہوتے کہا کہ آج دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش کرنا کہیں آسان ہے، آپ پورے اطمینان کے ساتھ پاکستان کا تصور دنیا کے سامنے رکھ سکتے ہیں اور عالمی برادری کو ایسے مستقبل کی طرف متوجہ کرسکتے ہیں جس میں معاشی خوشحالی بھی ہے اور سرمایہ کا یقینی تحفظ بھی۔ وزیراعظم نے کہاکہ اگر کسی ملک کی قومی شنا خت ، علاقائی اور عالمی شناخت سے ہم آہنگ نہیں ہے تو اسے بین الاقوامی سطح پر تنہائی کا سامنا کر نا پڑھ سکتا ہے لہذا ہمیں اپنی اقدار کے ساتھ عالمی تہذیبی اقدار کا بھی خیال رکھنا ہے اور اس کے ساتھ اپنے مفادات کو عالمی مفادات سے بھی ہم آہنگ بنانا ہے۔