وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر میں کلین اینڈ گرین منصوبے کو کامیاب بنائیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی دومیل میں کلین مظفر آباد مہم کے جائزہ کے موقع پر گفتگو

91

مظفرآباد ۔30ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر میں کلین اینڈ گرین منصوبے کو کامیاب بنائیں گے۔

وہ دومیل کے مقام پر کلین مظفر آباد مہم کا اچانک جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر موجود متعلقہ حکام نے وزیر اعظم کو کلین مظفر آباد مہم بارے بریفنگ دی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے تمام متعلقہ اداروں کو مستقل بنیادوں پر صفائی کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ ماحول صاف ستھرا ہوگا تو خطے کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی دلچسپی بڑھے گی ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر میں کلین اینڈ گرین منصوبے کو کامیاب بنائیں گے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی مہم کے دوران عوام کو مشکلات سے بچایا جائے، ٹریفک کی روانی سمیت عوام کی تمام سہولیات کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کلین مظفر آباد مہم کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں ۔