وزیراعظم بزنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اورزراعت پر کل پری بجٹ کانفرنس سے خطاب کریں گے

101
حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے ،ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے تک کمی کر دی گئی

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف کل منگل کوبزنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اورزراعت پروزارت خزانہ کی طرف سے منعقدہ پری بجٹ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیزمیں بتایاگیاہے کہ پاکستان کو اس وقت افراط زر میں اضافہ ، بڑے بیرونی خسارہ ، شرح مبادلہ اورزرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال جیسے کئی معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ۔

علاوہ ازیں موجودہ عالمی اقتصادی منظرنامہ بھی ملکی اقتصادی منظرنامہ کیلئے خدشات پیداکررہاہے ۔ موجودہ حکومت کو کلی معیشت کے بڑھتے عدم توازن پرمبنی ایک ایسی معیشت ورثے میں ملی ہے جس نے پاکستان کو مالیاتی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اس پر قابو پانے کے لیے موجودہ حکومت نے مختلف فوری اقدامات کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنانے، قیمتوں میں استحکام اور بیرونی اور مالیاتی شعبوں کی پائیداری کو برقرار رکھنے کے لیے مختصر وقت میں اقدامات کیے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت آئندہ مالی سال 2023 کا وفاقی میزانیہ تیارکررہی ہے ، بجٹ سازی میں عوامی شرکت وشمولیت کے زریعہ ترقی پسند، ترقیاتی اور عوام دوست بجٹ بنانا وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کاوژن ہے ۔اسی تناظرمیں موجودہ حکومت کاروباری شعبے کے ساتھ شراکت داری کی خواہش رکھتی ہے تاکہ نیا وفاقی بجٹ نجیوکاروباری شعبے اور عوام کی توقعات کا عکاس ہوں ۔

وزارت خزانہ کے مطابق نجی شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔نجیوکاروباری شعبے کی قیمتی آراء اور تجاویز کو شامل کرنے کے لیے 7 جون 2022 کو بزنس، زراعت اور آئی ٹی پر ایک پری بجٹ کانفرنس منعقدکرانے کافیصلہ کیاگیاہے ۔ یہ کانفرنس معروف تاجروں، ماہرین زراعت اور آئی ٹی ماہرین کو غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرے گی اورماہرین اگلے بجٹ میں آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل، کاروبار اور برآمدی شعبوں کے بارے میں نئے خیالات اور سفارشات پیش کریں گے ۔

کانفرنس سے وزیراعظم پاکستان محمدشہبازشریف خطاب کریں گے۔وزارت خزانہ کے مطابق حکومت اس مشکل وقت میں معیشت کو اعلی، پائیدار اور جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور سرکاری اور نجی شعبوں کو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرنے پرمبنی جامع بجٹ پیش کرنا چاہتی ہے۔