اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ سال حج کے حوالے سے مدت کا تعین کرکے جلد لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ برس حج آپریشن کی تیاری ابھی سے شروع کی جائے،سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ حج پالیسی سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت آئندہ سال حج کی تیاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور کوہدایت کی کہ آئندہ برس حج آپریشن کی تیاری ابھی سے شروع کی جائے،سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ حج پالیسی سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے،آئندہ سال حاجیوں کی خدمت میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں،نجی حج اسکیم کو ریگولرائز کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے آئندہ سال حج کے حوالے سے مدت کا تعین کرکے جلد لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک،سردار محمد یوسف اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔