وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے جامع اصلاحات کی ہیں ،نئی مائننگ فریم ورک پالیسی تانبے، سونے اور اہم معدنیات میں بے مثال مواقع فراہم کرتی ہے، علی پرویز ملک

11

سینٹ پیٹرز برگ۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے جامع اصلاحات کی ہیں تاکہ ملک کو معدنی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش منزل بنایا جا سکے، ہماری نئی مائننگ فریم ورک پالیسی تانبے، سونے اور اہم معدنیات میں بے مثال مواقع فراہم کرتی ہے اور ساتھ ہی ماحولیاتی تحفظ اور مقامی کمیونٹیز کی فلاح کو بھی یقینی بناتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم 2025 میں "عالمی معیشت کی پائیدار ترقی کے لئے معدنی ذخائر اور پیداوار کے سلسلے میں عالمی رہنماؤں کی ذمہ داری” کے موضوع پر منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں پاکستان کی معدنیات کے شعبے میں کی گئی اصلاحات کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کی حالیہ "مائننگ فریم ورک پالیسی” کے اجراء اور "ریکوڈک مائن کی فزیبلٹی سٹڈی” کی تکمیل کو اہم سنگ میل قرار دیا جو پائیدار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک عالمی قانونی فرم کے اشتراک سے قانونی ڈھانچے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کیا ہے تاکہ ملک کی وسیع معدنی دولت کو ذمہ دارانہ اور پائیدار ترقی کے ذریعے بروئے کار لایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معدنی دولت صرف تانبے یا سونے تک محدود نہیں بلکہ یہاں لیتھیئم اور دیگر نایاب زمین عناصر (ریئر ارتھ ایلیمنٹس) کے بھی وافر ذخائر موجود ہیں۔وفاقی وزیر نے رواں سال اپریل میں اسلام آباد میں منعقدہ "پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025” کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا

جس میں عالمی سطح کی معدنی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو آئندہ فورم میں شرکت کی باقاعدہ دعوت بھی دی۔پینل ڈسکشن کے اختتام پر متعدد بین الاقوامی معدنیاتی کمپنیوں نے پاکستان کی نئی پالیسی اور مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیاجو عالمی برادری پاکستان کے اصلاح شدہ اور سرمایہ کار دوست معدنیاتی نظام پر اعتمادی کا واضح ثبوت ہیں۔