وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کا پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں اظہار خیال

83

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر ملکی سیاسی جماعتوںسمیت تمام ادارے متحد ہیں اور ہم وطن عزیز کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتے ہیں اور اس کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتے ہیں، جمعرات کوپاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس کے مشترکہ اجلاس کے اعلامیے میں بھی ایک مضبوط پیغام دیا گیا کہ ہم نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں تا کہ خطہ ترقی کرے اور آگے بڑھے، انہوں نے کہا کہ ہم خطے سے غربت کے خاتمے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار دینے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ لوگ خوشحال ہوں لیکن ہماری اس امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے کیونکہ ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، پاکستانی قوم کا مورال بلندہے اور وہ ہر قسم کے امتحان کےلئے تیار ہے اس لئے کسی کو کسی بھی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے، حکومت ملک کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کےلئے اہم اور موثر اقدامات بھی کر رہی ہے، ایک سوال کے جواب میںترجمان وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہماری سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اسلئے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہیں ۔