اسلام آباد ۔ 19 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعت و پیداوار عبدالرزاق داﺅد سے جاپانی تاجروں کے وفد نے جاپان کے پاکستان میں سفیر کونوری متسودا کے ہمراہ ملاقات کی۔ بدھ کو وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جاپانی تاجروں نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے جاپان کے کردار کو سراہا اور جاپانی وفد کی پاکستان آمد پر ان کو خوش آمدید کہا، مشیر تجارت نے وفد کو ملک میں تجارتی و سرمایہ کاری مواقع سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کو ٹیکسٹائل مشینری سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے جاپان کی طرف سے آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جس سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ جاپانی سفیر نے موجودہ حکومت کی طرف سے آٹو کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان ٹیکسٹائل اور آٹو سیکٹر میں استعداد کار بڑھانے کے لئے تکنیکی تعاون جاری رکھے گا۔