اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے ملک میں نجکاری کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے لندن میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کی ہیں۔
وزارت نجکاری کی جانب سے بدھ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق مشیر وزیر اعظم نے ہانگ کانگ اور لندن سے کام کرنے والی ایک ممتاز سرمایہ کاری فرم ٹی ٹی بی پارٹنرز کے مینجنگ پارٹنر جوناتھن بانڈ کے ساتھ ناشتے پر ایک اہم ملاقات میں پاکستان کے نجکاری پروگرام میں سرمایہ کاری کے آئندہ مواقع کا خاکہ پیش کیا۔ بانڈ نے چینی اور ایشیائی سرمایہ کاروں کی جانب سے خاص طور پر معدنیات کی کان کنی، ہوا بازی اور بجلی جیسے اہم شعبوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
مشیر وزیراعظم نے ٹی ٹی بی پارٹنرز کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی تاکہ مزید بات چیت کے ذریعے تعاون کو گہرا کیا جائے۔ اپنی سٹریٹجک آئوٹ ریچ کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے ایس ٹی جے پارٹنرز کے سینئر ایگزیکٹوز سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کرنے والوں میں وائس چیئرمین ڈیوڈ جینیسن، پارٹنرز اینجلو مورگنٹی اور مائیک ہیرس، سی ایف او شایان صدیقی اور یوان چکائن بھی شامل تھے۔ اس موقع پر معدنیات، کان کنی، ہوا بازی، انشورنس، توانائی کی تلاش اور بجلی کے وسیع پیمانے پر نجکاری کے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ایس ٹی جے پارٹنرز نے عالمی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے لین دین کے ڈھانچہ اور دیگر بہترین طریقوں کے بارے میں بصیرت انگیز سفارشات پیش کیں۔ فریقین نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے اور ریگولیٹری عمل کو بہتر بنانے کے لیے فریم ورک پر تبادلہ خیال بھی کیا جس سے پاکستان کو بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے مسابقتی مقام بنانے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کی رسائی کی کاوشوں کو مزید وسعت دینے کے لیے مشیر محمد علی نے بارکلیز کے ایک سینئر وفد کا خیرمقدم کیا جس کی قیادت تھامس کوون منیجنگ ڈائریکٹر اور سیل-سائیڈ ایم اینڈ اے کے سربراہ اور مینجنگ ڈائریکٹر دانش بھیمجی کر رہے تھے۔
بارکلیز برطانیہ اور امریکہ میں سرمایہ کاری کے نمایاں بینکوں میں سے ایک ہے۔ بینک نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور نجکاری کی کوششوں اور انشورنس سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے ملاقات کے دوران پاکستان کے نجکاری کے روڈ میپ پر تفصیلی بریفنگ دی اور تبدیلی کے سفر میں قابل اعتماد عالمی شراکت داروں کو شامل کرنے کے لیے حکومت کی کاوشوں اور اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ فریقین نے رابطوں کو جاری رکھنے اور مستقبل میں تعاون کے ٹھوس مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ مشیر وزیر اعظم کی مصروفیات پاکستان کی اقتصادی ترقی پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد اور ترجیحی شعبوں میں سٹریٹجک سرمایہ کاری کی شراکت داری کو فروغ دینے کے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594085