وزیراعلی حمزہ شہباز سے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومنٹیرین کوآرڈینیٹر کی ملاقات

65

لاہور۔30مئی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز سے وزیراعلی آفس میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومنٹیرین کوآرڈینیٹر مسٹر جولین ہارنیس نے ملاقات کی-اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے وزیراعلی کے اقدامات کو سراہا-اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومنٹیرین کوآرڈینیٹر مسٹر جولین ہارنیس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بنیادی سماجی خدمات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کا ویژن قابل تحسین ہے۔ بااختیار خواتین اور صنفی مساوات کیلئے باہمی اشتراک سے پائیدار اقدامات کئے جائیں گے۔

موسمی تغیرات پوری دنیا کیلئے چیلنج ہیںمل کر نمٹیں گے۔وزیراعلی حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بالخصوص پنجاب میں انسانی ترقی کیلئے اقوام متحدہ کا اشتراک قابل تحسین ہے۔سماجی ترقی کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔پائیدار انسانی ترقی کیلئے متوازن پلان آف ایکشن تشکیل دینا ہوگا۔مسائل کے پائیدار حل کی طرف توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔پانی کی کمی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے آ وٹ آف دی باکس حل کی طرف جانا ہوگا۔

چولستان سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی کمی انسانی اور جنگلی حیات کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔چولستان کے صحرا میں پانی کی کمی پوری کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ موسمیاتی تغیرات دنیا بھر کیلئے چیلنج بن چکے ہیں۔دانش سکول غریب اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کی معیاری تعلیم کا بہترین ذریعہ ہیں۔خواتین کے تحفظ اور ترقی کے سفر میں شریک کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سابقہ دور میں قابل قدر اقدامات کئے۔

جنوبی پنجاب میں بہتر پیداوار کیلئے معیاری بیج پر توجہ دی جا رہی ہے۔کلین انرجی کے حصول کے اہداف باہمی اشتراک سے حاصل کئے جائیں گے۔اربن فارسٹ، آبی ذخائر زیرو پلاسٹک ویسٹ کے اہداف پر توجہ دی جا رہی ہے۔شہروں میں زیر زمین پانی کی سطح بہتر کرنے کیلئے پراونشل واٹر ایکٹ متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ثقافتی ورثوں کے تحفظ اور بہتری کے لئے باہمی اشتراک سے اقدامات کئے جائیں گے-سردا ر اویس لغاری، عظمی کاردار، تحیہ نون،عمران گورایہ،علی رضا،چیف سیکرٹری او رمتعلقہ محکموں کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے-