وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز سے نیدر لینڈ کے سفیر کی ملاقات کی ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

68

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف سے بدھ کے روز نیدر لینڈ کے سفیر ووٹر پلمپ نے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ماحولیاتی تغیرات و موسمی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور جی ایس پی پلس کے کنونشنز پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں زراعت، فوڈ سکیورٹی، فوڈ پروسیسنگ، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔

وزیراعلی حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان او رنیدرلینڈ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات موجو د ہیں۔جی ایس پی پلس کے لئے سپورٹ پرنیدر لینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پنجاب میں زراعت، فوڈ پروسیسنگ، فوڈسکیورٹی، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈ کو زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبو ں میں خاص مہارت حاصل ہے۔پنجاب ایک زرعی صوبہ ہے اور زرعی معیشت کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔

فوڈ سکیورٹی اور زرعی شعبے میں پیداوار بڑھانے کیلئے نیدر لینڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں نیدر لینڈ کی تکینکی معاونت سے فائدہ پنجاب کے کاشتکاروں کو پہنچے گا۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پوری دنیا کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے ۔پاکستان کو بھی ماحولیاتی تغیرات کا سامنا ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے اقوام عالم کو تیزی سے مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔نیدر لینڈ کے سفیر نے کہا کہ پنجاب کے زرعی شعبے میں تعاون کے بہت مواقع موجود ہیں –

پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار کو فروغ دینا چاہتے ہیں -نیدر لینڈ کے اکنامک قونصلر پال ایڈرر ، لاہور میں نیدرلینڈ کی اعزازی قونصل عاصمہ حامد، لیگل ایڈوائزر علی رضا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام انتظامی مشینری کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ کمشنرز اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے تناظر میں تمام تیاریاں مکمل رکھیں۔دریاں کے بیڈکے اندر آبادیوں کا بروقت انخلا پہلی ترجیح ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دریاں کے بیڈکے اندر تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور دریاں کے بیڈکے اندر آبادیوں کے بروقت انخلا یقینی بنانے کے لئے عوامی نمائندوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔موسم کی صورتحال انتہائی غیر متوقع ہے اور غیر معمولی موسمی حالات کے پیش نظر آپ کی تیاریوں کا لیول بھی غیر معمولی اقدامات کا متقاضی ہے۔

وزیراعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ کے پلان تیار ہیں، اصل چیلنج پلان پر عملدرآمد ہوتا ہے۔آپ کی تیاریاں زمین پر نظر آنی چاہئیں اور جہاں بھی کمی کوتاہی ہے، فی الفور دور کی جائے۔ مخلوق خدا کو تکلیف ہوئی تو سخت ایکشن لوں گا۔تمام متعلقہ صوبائی اور وفاقی ادارے مربوط اور بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔