وزیراعلی پنجاب سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

131

لاہور۔19اپریل (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا نے ملاقات کی، وزیراعلی نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ یورپی یونین پارلیمانی وفد کی آمددوطرفہ مضبوط، پرامن اور دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ قابل اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یورپی یونین پاکستان کا شراکت دار ہی نہیں بلکہ دنیا میں استحکام کی آواز بھی ہے۔جی ایس پی پلس ملنے سے پاکستان کی برآمدات، بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبے میں بہت بہتری آئی ہے۔

انسانی حقوق اور لیبر ریفارمز سمیت تمام تقاضے پورے کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا دل ہے، سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول مہیا کر رہے ہیں۔زراعت، توانائی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی منصوبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔وزیراعلی نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور متحرک ہیں، عالمی جاب مارکیٹ سے منسلک کرنے کے لئے ٹریننگ کورسز کرا رہے ہیں۔ خوشی ہے کہ پاکستانی طلبہ تیسرے سال بھی Erasmus Mundusسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں سرفہرست ہیں،پاکستان علاقائی و عالمی امن کے لئے پرعزم ہے۔یورپی یونین کے وفد نے ملاقات کے دوران حکومت پنجاب کے اختراعی اقدامات کو سراہا۔