لاہور۔4مارچ (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے صوبے کے 170سیاحتی مقامات اور ٹریلز کی تعمیر و مرمت اوربحالی کے ساتھ ساتھ پنجاب کی پہلی ٹورازم اینڈ ہیر یٹیج اتھارٹی کی اصولی منظوری دیدی۔ وزیراعلی مریم نوازکی زیر صدارت منگل کو خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چھانگا مانگا فارسٹ پارک اور لال سوہانرا نیشنل پارک کو ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے ڈویلپ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سیاحت کے فروغ کے سلسلہ میں گورننس کی بہتری کیلئے پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2025 پیش کیا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی پہلی مکمل ٹورازم میگنی فیسینٹ ایپ تیار کر لی گئی ہے، ایپ کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔ میگنی فیسینٹ ایپ کے ذریعے 170سیاحتی مقامات کی ورچوئل سیر کی جا سکے گی۔ پہلی ٹورازم ایپ میگنی فیسینٹ پنجاب میں سیاحت سے متعلق تمام تر فیچرز شامل ہیں۔ میگنی فیسینٹ ایپ کے ذریعے ٹریول وزٹ اور ہوٹل بکنگ بھی کی جا سکے گی۔ میگنی فیسینٹ ایپ کے ذریعے فوڈ پانڈا اور دیگر سروسز بھی حاصل کی جا سکیں گی۔ میگنی فیسینٹ ایپ پر چیٹ بوٹ سے مفید معلومات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔ انہوں نے پنجاب کے سب سے بڑے اور جامع ٹورازم پلان کی بھی اصولی منظوری دے دی۔ٹورازم پلان کے تحت پنجاب بھر میں مذہبی،تاریخی، قدیمی ورثہ، آثار قدیمہ اور ایکوٹورازم کو فروغ دیا جائے گا۔
قدیمی تہذیب سے قربت کا احساس دلانے کے لئے سیاحوں کے لئے ٹورسٹ ویلج بھی بنائے جائیں گے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹورازم ٹریل بھی تیار کی جائیں گی۔ ڈسٹرکٹ مال روڈ،والڈ سٹی آف لاہور، سکھ سائٹ، جی ٹی روڈ کی مغل یادگاریں بھی سیاحتی ٹریل میں شامل ہیں۔ سالٹ رینج، بھاٹی گیٹ، ٹیکسالی گیٹ، گوجرانوالہ، ایمن آباد سکھ ٹورازم ٹریل بھی قائم کی جائیں گی۔ مختلف شہروں کے سیاحتی مقامات کو ٹورازم کلسٹرکے طور پر ڈویلپ کیا جائے گا۔ لاہور، ملتان، بہاولپور، چکوال اور جہلم سمیت مختلف شہروں میں ٹورازم سائٹس کو ڈویلپ کیا جائے گا۔
گندھار تہذیب سے متعلق گندھار ٹریل میں ٹیکسلا میوزیم، دھر ما راچی کا، جو لیاں، سرکیپ اور گری قلعہ بھی ٹورازم پلان میں شامل ہے۔ ملتان کی لیونگ ہیر یٹیج سائٹ قلعہ کہنہ قاسم باغ کو وادی سندھ کی تہذیب کے نشان کے طور بحال کیا جائے گا۔ اوچ شریف میں زائرین کی سہولت کیلئے خصوصی ٹریل ڈویلپ کی جائے گی۔
فروغ سیاحت کیلئے گوردوارے اور گرجاگھروں کے قدیمی عمارتوں کو بھی بحال کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں عالمی سیاحت کے فروغ کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔تمام سیاحتی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے چاہتے ہیں۔ٹیکسلا کو مکمل ٹورسٹ سائٹ بنایا جائے گا، فائیو سٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پوری توجہ پنجاب میں سیاحت کے فروغ پر مرکوز ہے، سیاحتی ہب بنائیں گے۔