وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اتحادبین المسلمین کمیٹی کا اجلاس، آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کیلئے خصوصی دعا کی گئی

166
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اتحادبین المسلمین کمیٹی کا اجلاس، آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کیلئے خصوصی دعا کی گئی

لاہور۔3اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اتحادبین المسلمین کمیٹی پنجاب کااہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام، مشائخ عظام اور علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی،اجلاس میں آرمی ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور دیگر شہدا کیلئے خصوصی دعا کی گئی اورشہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہاراور صبر جمیل کی دعا کی گئی،

اجلاس میں بلوچستان، جنوبی پنجاب اور دیگر علاقوں میں سیلاب و بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی،اتحادبین المسلمین کمیٹی کے اجلاس میں نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف نامے کو لازمی قرار دینے پر وزیر اعلی چودھری پرویزالہی کے احسن اقدام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا،

اجلاس میں علما کرام نے کہاکہ آپ کا یہ تاریخ ساز اقدام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،آپ مجاہد وزیراعلی ہیں،چودھری پرویز الہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علما کرام اور مشائخ عظام نے ہمیشہ ہر موقع پر قوم کی رہنمائی کی ہے ،پاکستان میں بھائی چارے، یکجہتی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں علما کرام کا کردار لائق تحسین ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا،

انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری اور قیام امن کیلئے ڈسٹرکٹ لیول پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور ان کمیٹیوں میں انتظامی و پولیس افسران اور علما کرام کو شامل کیا گیا ہے، مقامی سطح پر امن عامہ برقرار رکھنے کے لئے تمام فیصلے مشاورت سے کئے جائیں گے،

وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کہاکہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت اور فروخت کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی،مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچرشائع اور فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا،سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف بھی بلاتفریق کارروائی ہوگی اوراس ضمن میں سائبر کرائم ونگ سے کوآرڈینیشن کی جائے گی،

اس موقع پروزیر اعلی چودھری پرویزالہی نے علما کرام کے مسائل کے حل کیلئے راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی،کمیٹی میں سول، پولیس کے حکام او رعلما کرام شامل ہوں گے،مولانا فضل رحیم نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تعاون کو اپنا قومی فرض سمجھتے ہیں ،قاری حنیف جالندھری نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب نے دین اسلام کی خدمت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اورنکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف نامے کو شامل کرنا ان کا مثالی کام ہے جس کی جتنی بھی تحسین کی جائے کم ہے،

مولانا عبدالخبیر آزادنے کہاکہ مشائخ اور علماء کا کردار دلوں کو توڑنا نہیں جوڑنا ہے،علما کرام اور مشائخ عظام نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا،اجلاس کے اختتام پر مولانا فضل رحیم نے ملک کی سلامتی،امن اوراستحکام کیلئے دعا کرائی،

اراکین پنجاب اسمبلی راجہ بشارت، حافظ عمار یاسر، فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب جی ایم سکندر اور متعلقہ حکام، مولانا فضل رحیم، قاری محمد حنیف جالندھری، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، پیر سید ناظم حسین شاہ، حافظ عبد الوہاب روپڑی، علامہ مولانا محمد حسین اکبر، محمد رشید ترابی، مولانا مشتاق جعفری اور دیگرعلما ء و مشائخ عظام نے اجلاس میں شرکت کی۔