وزیراعلی کی جوہر ٹاؤن دھماکے کی شدید مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس، رپورٹ طلب کرلی

55

لاہور۔23جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جوہر ٹاؤن کے علاقے میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے،

وزیراعلی نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے، عثمان بزدارنے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیاہے،

وزیراعلی نے دھماکے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے،وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے،زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، عثمان بزدارنے جناح ہسپتال اور دیگرہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں،

وزیراعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122 اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیاں تیز کریں ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی موقع پر پہنچے او رصورتحال کا جائزہ لیا جبکہ صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد اور ہاشم ڈوگر نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اورزخمیوں کی عیادت کی،

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک اورہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین و زخمیوں کے ساتھ ہیں، یہ واقعہ امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے،دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے،مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے،ملک دشمن عناصر ایسی بزدلانہ کارروائیاں کر کے عدم ا ستحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں

،انہوں نے کہاکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جائے گی جبکہ املاک کو پہنچنے وا لے نقصان کا ازالہ کریں گے،دریں اثنا وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹیلی فونک رابطہ کیا،وزیراعلی سندھ نے جوہر ٹاﺅن دھماکے کی مذمت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی،

وزیراعلیٰ نے کہاکہ دھماکے کے ذمہ دار جلد قانون کی گرفت میں ہونگے،تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے اور زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کی جارہی ہے۔