32.1 C
Islamabad
منگل, اپریل 8, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، ٹریفک مسائل کے حل کے لیے...

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، ٹریفک مسائل کے حل کے لیے قلیل و طویل المدتی منصوبوں کی منظوری

- Advertisement -

پشاور۔ 07 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور میں ٹریفک مسائل کے حل سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی کابینہ کے اراکین، قومی و صوبائی اسمبلی کے نمائندے، چیف سیکرٹری، مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، بلدیاتی نمائند وں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس میں ٹریفک مسائل پر قائم کمیٹی کی رپورٹ پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور پشاور میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کے مستقل حل کے لیے قلیل المدتی (شارٹ ٹرم) اور وسط مدتی (مڈ ٹرم) منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کو ٹریفک سے متعلق قانونی فریم ورک، مسائل کی وجوہات اور مجوزہ ٹریفک پلان پر بریفنگ بھی دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کو پلانز پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عمل یقینی بنایا جائے اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ہم سب کا شہر اور صوبے کا چہرہ ہے، اور اس کو صحیح معنوں میں خوبصورت شہر بنانے کے لیے مکمل پلان ترتیب دیا گیا ہ

- Advertisement -

علی امین گنڈاپور نے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پشاور کے لیے خصوصی پیکج شامل کرنے کا اعلان کیا اور عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر شہر کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔اجلاس میں مختلف اداروں کی خالی آسامیوں پر فوری بھرتیوں، درکار مشینری و آلات کی فراہمی، بی آر ٹی کی توسیع، ضرورت کی بنیاد پر انڈر پاسز اور اوور ہیڈ پلوں کی تعمیر، زیبرا کراسنگ پر خصوصی توجہ، اور ناردرن بائی پاس کے مسنگ لنک کی تکمیل جیسے اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ نے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی، پارکنگ کے قواعد و ضوابط کے نفاذ، پلازوں کے پارکنگ نقشوں کا از سر نو جائزہ، اور نقشوں کی خلاف ورزی پر کارروائی کی ہدایت دی۔اجلاس میں رکشوں کے لیے مخصوص کلر اسکیم، ٹیکسی سروس کو ریگولیٹ کرنے، الیکٹرک بائیکس کی رجسٹریشن، سٹریٹ لائٹس کی مرمت، یو ٹرنز کی ریشنلائزیشن، سبزی منڈی کی شہر سے باہر منتقلی، اور بی آر ٹی روٹس پر پبلک گاڑیوں کے داخلے پر پابندی جیسے اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے چالان کی شرح میں نظرثانی، ہتھ ریڑھیوں کو متاثر کیے بغیر اسٹریم لائن کرنے، اور مین ہولز بند کرنے کے لیے حقیقت پسندانہ پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ یہ اجلاس پشاور میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579290

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں