وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس،سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پرپیشرفت او رنئی شاہراہوں کی تعمیر کا جائزہ

94
آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانیوالے بے نقاب ہو چکے،عثمان بزدار

لاہور۔14مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا-اجلاس میں نئی سڑکیں بنانے کے مختلف منصوبوں پر بھی غورکیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے کی چار اہم شاہراہوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں کی اصولی منظوری دے دی-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ہائی وے سیکٹر کے چاروں منصوبوں سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ تعمیرات و مواصلات کو شاہراہوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھائے اور منصوبوں سے متعلقہ امور کو مقرر کردہ ٹائم لائن کے اندرمکمل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ چیچہ وطنی، رجانہ، پیر محل، چوک اعظم، لیہ اور تونسہ دو رویہ سڑک کے منصوبے کا رواں برس سنگ بنیاد رکھاجائیگا، 204کلو میٹر طویل دورویہ سڑک سے آمدورفت میں بے پناہ آسانی آئے گی،جھنگ بائی پاس،شورکوٹ رورڈ کا منصوبہ بھی جلد شروع کریں گے،107کلو میٹر طویل سڑک سے جھنگ اورشورکوٹ کے علاوہ ملحقہ علاقوں کے شہریوں کو سہولت ملے گی،150کلو میٹر طویل دیپالپور، پاکپتن،وہاڑی روڈ کے منصوبے کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا،75کلومیٹر طویل حاصل پور،بہاولنگر روڈ کے منصوبے پر کام کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہاکہ ساہیوال کو موٹر وے سے لنک کیا جائے گاجس پر 25کروڑ روپے لاگت آئے گی،چیچہ وطنی کو بھی موٹر وے سے منسلک کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت صوبہ بھر میں 15ارب روپے کی لاگت سے دیہی سڑکوں کی تعمیر وتوسیع کی جارہی ہے۔دوسرے مرحلے میں 1076طویل دیہی سڑکوں کی 154 سکیمیں مکمل کی جارہی ہیں،43کلو میٹر طویل گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ پر کام شروع ہوچکا ہے۔وزیرآباد،سمبڑیال،سیالکوٹ روڈپر بھی کام جلد شروع کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہر منصوبے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا،سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں میں اعلی کوالٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے محکمے کی کارکردگی اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی-

صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات سردار آصف نکئی، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساﺅتھ پنجاب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-