وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فیصل آباد کا دورہ،ہونہار سکالرشپ سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

216
مریم نوازکا وزیراعلی پنجاب وِیٹ این سینٹیو پروگرام کے تحت گندم کے کاشتکاروں کیلئے ایک ہزار مفت ٹریکٹر سکیم کی قرعہ اندازی کرکے باقاعدہ آغاز

فیصل آباد۔ 16 جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں ہونہار سکالرشپ سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا،جس میں 4 ہزار 690 طلبہ کو 20 کروڑ 12 لاکھ کے سکالرشپس تقسیم کئے جائیں گے۔ گورنمنٹ کالج یو یورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ تقریب میں سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری،سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) چوہدری عابد شیر علی،صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر سمیت پاکستان مسلم لیگ فیصل کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے آغاز میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے 9 بچوں کو ہونہار سکیم کے تحت چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ جو پیار اور محبت آپ بچوں نے آج مجھے دیا ہے میرے پاس الفاظ ختم ہو گئے ہیں کہ میں اس کو بیان کر سکوں۔ آپ کی طرف سے بے پناہ محبت کا اظہار میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ آج لاہور میں انتہائی زیادہ فوگ تھی اور پائلٹ نے بتایا کہ ابھی نکلنا مناسب نہیں لیکن میں اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر یہاں اپنے بچوں سے ملنے آئی۔

مجھے ڈر ہے کہ آج میاں نواز شریف صاحب مجھے اس بارے میں ڈانٹیں گے۔ انہوں نے کہا میرے پاس دو چوائسز تھیں کہ لاہور سے آن لائن افتتاح کر دوں لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنے بچوں سے ملنا چاہتی ہوں ان کی آنکھوں کی چمک دیکھنا چاہتی ہوں میں آج سرخرو ہوں کہ یہ تمام 30 ہزار سکالرشپس صرف اور صرف حقدار اور میرٹ پر آنے والے بچوں کو دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک بچے نے ان سے کہا کہ میرے والد صاحب نہیں ہیں اور میں اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتا تھا لیکن اب اس سکالرشپ کی وجہ سے میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکوں گا۔ ایسے ہی ایک بچی نے بھی اپنی بات کی جو کہ اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پا رہی تھی تاہم سکالرشپ کے باعث اس نے بھی بتایا کہ آج میری تعلیم حاصل کرنا ممکن ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی محبت نے مخالفین کو پریشان کر دیا ہے اور میں انہیں کہتی ہوں کہ آئیں اور ایک ماں کا اپنے بچوں سے رشتہ دیکھیں۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ یہ سب آپ کی کمٹمنٹ اور محنت کا صلہ ہے۔آپ نے کبھی میرا شکریہ ادا نہیں کرنا سر اٹھا کر جینا ہے۔

آج خوشی ہوئی ہے کہ بچوں نے ٹائٹل دیا ہے کہ ریاست ہوگی ماں کے جیسی تو آج واقعی ریاست ماں کے جیسی ہی ہے۔انہوں نے ایک بچے کو اپنی سیٹ پہ بٹھایا اور کہا کہ یہ بچہ ایک سال تک اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکا تھا مگر اس سکالرشپ سے اب باقاعدہ تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ایک بچے کے خواب وسائل کی کمی سے ادھورے رہ جائیں یہ اب پنجاب کے بچوں کے ساتھ نہیں ہوگا وسائل رکھنے والے بچے لمز،نسٹ جیسی بڑی بڑی یونیورسٹیوں وغیرہ میں پڑھ رہے ہیں لیکن اب کم وسائل رکھنے والے بچے بھی ان یونیورسٹیوں میں میں پڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سال تک سکالرشپ 50 ہزار تک لے کر جائیں گے جو کہ اس وقت 30 ہزار تک ہیں اور دوسرے اور تیسرے سال کے بچوں کے لیے بھی جلد سکالرشپ لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاپنجاب کے ہونہار طلبہ کے لیے جنوری کا پورا مہینہ وقف ہے۔انہوں نے لڑکوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج پہلی بار لڑکیوں نے آپ کی محنت اور میرٹ پر آنے کے باعث گارڈ آف آنر دیا ہے جو کہ آپ کے لیے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے اندر گرلز پاور بہت مضبوط ہو رہی ہے جو کہ بہت خوش آئند بات ہے۔اس موقع پر انہوں نے لیپ ٹاپ سکیم کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کی پہلی شپمنٹ آگئی ہے۔ 65 فیصد نمبر لینے والے یا اس سے اوپر سب کو لیپ ٹاپ دیں گے۔

آپ کو آپ کی ریسرچ اور اسسائنمنٹس کی تکمیل کے لیے کبھی کبھی چیٹ جی پی ٹی کی بھی ضرورت ہوتی ہو گی اور میں نے فیصلہ کیا کہ بہت ہی اچھی کوالٹی کے لیپ ٹاپ جلد لے کر آؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں میں نے یہ نغمہ یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسبان اس کے پڑھا تھا اور آج ان بچوں نے پڑھا کہ یہ وطن ہمارا ہے ہم ہیں پاسباں اس کے،یہ آپ بچوں کی اس ملک اس دھرتی اور مٹی سے کمٹمنٹ ہے اور اس کا قرض آپ طالب علموں کو چکانا ہے۔

سکالر شپس کے پیسے آپ کے ملک کے ہیں جو آپ نے پاکستان کو ترقی دے کر یہ کمٹمنٹ پوری کر کے واپس لوٹانے ہیں۔ نواز شریف انٹرنیٹ سٹی لاہور میں بن رہی ہے اور اس میں بہت اعلی سہولیات میسر ہوں گی تاکہ آپ بھی اے آئی روبوٹک اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس ہوں اور اس کو پڑھیں۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کس طرح جیل کاٹی میرے والد کے ساتھ کیا ہوا ماں چلی گئی بدلے نہیں لوں گی،جلاؤ گھیراؤ،کیلوں والے ڈنڈے اٹھانے والے،پٹرول بم ان سب سے مجھے ان بچوں کی تکلیف ہے جو ورغلائے گئے یہ میرے بچے جیلوں میں ہیں ان سے پوچھو کتنی تکلیف میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماں باپ کی عزت کرو میں نے آج تک ایسا بچہ نہیں دیکھا جس نے ماں باپ کی عزت کی ہو اور اسے نقصان ہوا ہو۔میں جہاں بھی جاتی ہوں میاں نواز شریف صاحب سے جو میرے والد صاحب ہیں اور والدہ بھی ہیں ہمیشہ دعا لے کر جاتی ہوں۔ماں باپ کی فرمانبرداری یہ ہے کہ انہوں نے جو تکلیفیں اور جو پیسہ جوڑ جوڑ کر آپ پر انویسٹ کیا ہے آپ انہیں یہ سب کچھ واپس لوٹاؤ ان کی خدمت کرو۔ میں نے آپ کو ترقی کا راستہ دکھانا ہے تنزلی کا نہیں،ماں ہوں تعلیم کا راستہ کامیاب مستقبل کا راستہ دکھانا ہے جیل کا نہیں۔

انہوں نے کہا میں صرف سکالرشپ دینے کے لیے آئی ہوں۔انہوں نے کہا کہ کیا گورنر ہاؤس یونیورسٹی بن گیا ہے،دل و جان سے ملک کی خدمت کرنا ہے میرے بچو کوئی خاتون راستے میں آئے تو اس کی عزت اور تکریم کرنا، مجھے آپ کا مستقبل بگاڑنا نہیں سنوارنا ہے۔مجھے آپ کے ماں باپ کے خواب جو انہوں نے اپ کے مستقبل کے لیے دیکھے ہیں ان کو مکمل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 65 فیصد یوتھ کے خوابوں نے پاکستان کو ترقی دینی ہے پاکستان آپ کی ریڈ لائن ہونی چاہیے چین میں اے آئی 5 ویں کلاس سے پڑھائی جا رہی ہے اور ہم ایک دوسرے صوبے پر حملہ آور ہیں۔ ہم پنجابی بعد میں اور پاکستانی پہلے ہیں۔ صوبہ پنجاب،سندھ،بلوچستان،خیبر پختون خواہ اور ملک کے دیگر علاقے سب پاکستان ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا آپ جب سوچو پاکستان بن کر سوچو میں چاہتی ہوں کہ آپ کہو تعلیم زندہ باد آپ کہو پاکستان زندہ باد۔جلاؤ گھیراؤ پیٹرول بم سب ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف جب تہذیب کے دائرے سے نکل جائے تو وہ بدتہذیبی بن جاتی ہے۔آپ نے پاکستان کو ترقی دینی ہے۔پاور کے ساتھ ذمہ داری آتی ہے۔میڈیا اور سوشل میڈیا پر کوئی خبر پڑھنے سے پہلے آپ اپنی عقل کو اپلائی کریں اور پاکستان بن کے سوچو۔جتنے وسائل ہم آپ کو دیں گے اور آج صبح بھی ہم نے ایک سکیم لانچ کی ہے جس میں تین کروڑ تک کا قرضہ بغیر سود کے ہم آپ کو کاروبار کے لیے دیں گے اور ساتھ مفت زمین بھی دے رہے ہیں تاکہ آپ کمائیں اور لوگ آپ کو تب مانیں گے جب آپ لینے والے ہاتھ کے بجائے دینے والا ہاتھ بنیں گے۔ وعدہ کریں کہ قیامت ا جائے پاکستان کے ساتھ بے وفائی نہیں کرنی۔

میں آپ سے مل کر بہت خوش ہو کر جا رہی ہوں۔ مجھے خوشی ہوگی جب آپ ماں باپ کااورپاکستان کا نام روشن کروگے۔ آخر میں انہوں نے پاکستان زندہ باد پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگوائے۔قبل ازیں بتایا گیا کہ فیصل آباد ڈویژن کی پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے 101 طلبہ کو 28 لاکھ 90 ہزار روپے ہونہار سکالرشپس جبکہ پبلک سیکٹر کالجز کے 1,378 طلبہ کو 2 کروڑ 20 لاکھ 33 ہزار روپے ہونہار سکالر شپ دیئے جائیں گے۔