وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی مقبوضہ جموں کشمیر کے مہاجرین 1990 مابعد کے نمائندہ وفد سے ملاقات

63
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی مقبوضہ جموں کشمیر کے مہاجرین 1990 مابعد کے نمائندہ وفد سے ملاقات

مظفرآباد ۔21مئی (اے پی پی):وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے بھارتی غیرقانونی مقبوضہ جموں کشمیر کے مہاجرین(1990 میں ہجرت) کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور سرینگر میں ہونے والی ”جی ٹوئنٹی” کانفرنس پر اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں کشمیر کے مہاجرین کے نمائندہ وفد نے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے کردار کو سراہا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو1990 میں ہجرت کرکے مقبوضہ سے آزاد کشمیر آنے والے مہاجرین نے بھارتی افواج کے مظالم سے بھی آگاہ کیا۔ مہاجرین وفد نے بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر کی موجودہ بدترین صورتحال سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

مہاجرین نے وزیرخارجہ کو بدترین بھارتی کالے قوانین آفسپا، پوٹا اور ٹاڈا کے تحت شہریوں کو گرفتار کرنے، نوکریوں سے برخاست کرنے اور جائیدادوں کی مسمارگی اور ضبطگی جیسے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ مہاجرین وفد نے بھارتی جیلوں میں قید کشمیری اسیران کی ابتر صورتحال کی تشویش سے وزیرخارجہ کو آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور مقبوضہ جموں کشمیر کے مہاجرین کے درمیان آبادکاری کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہو۔ مہاجرین وفد نے آٹھ ہزار کشمیری خاوندانوں کی آباد کاری، ڈومیسائل کی فراہمی اور سرکاری ملازمتوں میں 6 فیصدکوٹہ پر عملدرآمد کا مطالبہ بھی کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والے مقبوضہ جموں کشمیر کے مہاجرین کے نمائندہ وفد میں مشتاق السلام، عزیر احمد غزالی، چوہدری محمد مشتاق، اقبال یاسین اعوان، علی محمد بٹ اور چوہدری فیروزشامل تھے۔