وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا خواجہ آصف کے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

67

اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ حکومت قومی اسمبلی کی کارروائی میں کورونا وائرس کی وبا سے متعلق حفاظتی اقدامات پرپوری طرح سے عمل پیرا ہے۔ پیر کوقومی اسمبلی میں خواجہ آصف نے نکتہ اعتراض پرکہاکہ آج مسلم لیگ (ن) کے وہ ارکان ایوان میں نہیں آئے جو کورونا پازیٹو ہیں جبکہ حکومت کے کورونا کے مریض ارکان کو یہاں بلایا گیا ہے۔ یہ اچھی بات نہیں ہے۔ آج سارا پاکستان اس اجلاس کو دیکھ رہا ہے۔ اگر اس صورت میں قوم کو یہ پیغام جائے گا کہ اقتدار کے لئے ایسا کیا گیا ہے تو یہ اس ایوان کی توہین ہوگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا پازیٹو ارکان نہیں ہونے چاہئیں۔ اورنہ ہی حکومت نے ایسے کسی رکن کواجلاس میں دعوت دی ہے ہم غیر ذمہ دار نہیں اورنہ ہی مایوس ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ سالانہ کارروائی ہے اور ہم قواعد کے مطابق اسے چلانے پرسپیکر کے شکر گزار ہیں۔ جس طرح ایوان بلایا گیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ اپوزیشن ارکان کو مقررہ وقت سے زیادہ موقع دیا گیا۔ کٹ موشن پر بھی موقع دیا گیا ہے۔ ہم نے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ وہ یقین دہانی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔