وزیرخزانہ کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، صوبائی حکومتوں کو رعایتی نرخوں پر گندم کی یومیہ ریلیز یقینی بنانے،ضروری اشیاکی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت

84

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومتوں کو رعایتی نرخوں پر گندم کی یومیہ ریلیز یقینی بنانے،ضروری اشیاکی قیمتوں کی کڑی نگرانی اورضروری اشیا کی وافرمقدارمیں فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ صارفین کوعیدالفطرکے خصوصی موقع پرزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

عیدالفطرکی آمدکے تناظرمیں وزیرخزانہ نے رمضان کے آخری ہفتہ میں ناجائز منافع خوری اورقیمتوں میں غیرضروری اضافہ کی روک تھام کی کڑی نگرانی اورمربوط کوششوں کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات پیرکویہاں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بالخصوص آٹا، چینی، خوردنی تیل، چکن اورسبزیوں کی قیمتوں کاجائزہ لیاگیا، سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کوبتایا کہ ہفتہ رفتہ میں 9 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 30 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

وزیرخزانہ کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے کمیٹی کوڈیٹا حاصل کرنے کے طریقہ کارکے بارے میں بریفنگ دی گئی، کمیٹی کوضروری اشیا کی قیمتوں کے ہول سیل اورریٹیل قیمت میں فرق کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیاگیا، کمیٹی نے پاکستان بیوروبرائے شماریات کو ڈیٹاحاصل کرنے کے طریقہ کارکا مزید جائزہ لینے کی ہدایت کی ملک بھرمیں ریٹیل اورہول سیل کی سطح پرضروری اشیا کی قیمتوں میں فرق کے بارے میں درست اعدادوشمارکاحصول ممکن ہوسکے۔وزیرخزانہ نے پی بی ایس کوہدایت کی کہ ڈیٹا ملک بھرمیں ضروری اشیا کی قیمتوں بشمول رمضان سستا وسہولت بازاروں میں اشیا کی قیمتوں کا عکاس ہونا چاہئیے۔

سیکرٹری قومی غذائی تحفظ وتحقیق نے کمیٹی کوبتایاکہ ملک بھرمیں گندم کے وافرذخائرموجودہیں، انہوں نے رواں سال میں سٹریٹجک ذخائرکیلئے گندم کی درآمد کیلئے انتظامات سے بھی کمیٹی کوآگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں سمری پیش کی جائیگی۔ وزیرخزانہ نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومتوں کو رعایتی نرخوں پر گندم کی یومیہ ریلیز یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ آٹا کی قیمتوں کو قابومیں رکھا جاسکے۔

انہوں نے صوبائی انتظامیہ اورمتعلقہ محکموں کوضروری اشیاکی قیمتوں کی کڑی نگرانی اورضروری اشیا کی وافرمقدارمیں فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ صارفین کوعیدالفطرکے خصوصی موقع پرزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔عیدالفطرکی آمدکے تناظرمیں وزیرخزانہ نے رمضان کے آخری ہفتہ میں ناجائز منافع خوری اورقیمتوں میں غیرضروری اضافہ کی روک تھام کی کڑی نگرانی اورمربوط کوششوں کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیرقومی غذائی تحفظ وتحقیق سید فخرامام، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹروقارمسعود، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق، سیکرٹری صنعت وپیداوار، صوبائی چیف سیکرٹریز، ممبرپاکستان بیوروبرائے شماریات، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اوردیگرسینئرحکام نے شرکت کی۔