اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔یوم آزادی منانے کے لئے نوجوانون اور بچوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی جوش و خروش سے تیاریاں کر رہی ہیں اور سبز سفید رنگوں سےمزین کپڑوں کے ساتھ ساتھ میچنگ چوڑیوں،جوتوں،جیولری کی خریداری میں مصروف ہیں۔14 اگست کو ملی جوش و جذبےکے ساتھ منانے کی تیاریوں میں عمارتوں اور گھروں پر سب ہلالی پرچم لہرا دیئے گئے ہیں جبکہ جھنڈیوں اور دوسرے سامان کی خریداری کے لیے ہر طرف سٹالز بھی سج چکے ہیں ،قومی پرچم، بیجز اور جھنڈیوں کی خریداری جاری ہے۔اس موقع پر مشہور برانڈز کے علاوہ عام ریڈی میڈ ملبوسات والے بھی خواتین کے خصوصی ملبوسات تیار کر وا رہے ہیں جن کو خواتین اور بچیاں ذوق و شوق سے خرید رہی ہیں ۔
اس حوالے سے ’’اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے ایمان فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کا جشن ہو اور خواتین کوئی تیاری نہ کریں یہ ممکن نہیں ،ہم خواتین بھی اس خوشی کے موقع کو بھر پور مناتی ہیں سبز اور سفید کے کپڑے بناواتے ہیں ۔اس حوالے سے دکانداروں کا کہنا ہے کہ14 اگست کے موقع پر پرچم کے ڈیزائن پر مبنی ملبوسات کی فروخت بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کپڑوں کے ساتھ سفید اور سبز رنگ کی چوڑیاں اور جیولری بھی خرید تی ہیں،جشن آزادی کی تیاریوں میں خواتین کا جوش وخروش دیدنی ہے۔
بچے، نوجوان، خواتین سمیت سب ہی تیاریوں میں مگن ہے، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ، بازار اور مارکٹیں تو اپنی جگہ ، شاہراہوں کے اطراف بھی جا بجا سٹالز سجے ہوئے ہیں۔قومی پرچم، مختلف ڈیزائن کے بیجز،جھنڈیاں، سٹیکرز اور ملبوسات کی فروخت جاری ہے ۔